26 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 19:14
ملک بھر سے7ہزار مشتبہ افراد کی گرفتاری کےاحکامات جاری
جیو نیوز - اسلام آباد........وزیراعظم میاں نوازشریف کی منظوری کے بعد انسداد دہشت گردی کے ایکشن پلان پر عمل درآمد شروع کردیاگیاہے۔ وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں اور اسلام آ باد انتظامیہ کو ملک بھر سے7ہزار مشتبہ افراد کی گرفتاری کےاحکامات جاری کردیےہیں۔ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ کے وزارت داخلہ نے ملک بھر سے 6 ہزار 7 سو 77 مشتبہ افراد کو حفاظتی تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ممکنہ طور پرحفاظتی تحویل میں لیے جانے والوں میں 14 سو 16 افراد کا تعلق پنجاب سے ہے۔خیبر پختونخوا سے 4000 سے زائد اور بلوچستان سے 338 مشتبہ افراد کو حفاظتی تحویل میں لیا جائے گا۔ فہرست میں سندھ سے ایک ہزار اور اسلام آباد سے 23 افراد کے نام شامل ہیں۔ وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں اور اسلام آ باد انتظامیہ کو ان افراد کو حفاظتی تحویل میں لینے کے احکامات جاری کر دیے ہیں تاہم پولیس ان افرادکوگرفتارنہیں کرےگی جن کےبارے میں وہ یہ سمجھے کہ ا ب وہ کالعدم تنظیموں کےنمائندےنہیں رہےتاہم اس کی ذمہ داری متعلقہ پولیس اسٹیشن کےایس ایچ اوپرعائد ہوگی ۔ جن افرادکی گرفتارکےاحکامات جاری کیےگئےہیں ان کاریکارڈ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے شیڈول فورمیں موجود ہے۔شیڈول چار میں آئی ایس آئی ، آئی بی اور سی آئی ڈی پولیس اپنے مشترکہ اجلاسوںمیں وقتا فوقتا کالعدم تنظیموں کے کارکنوں اور حمایت کرنے والوں کے نام شیڈول چارمیں درج کرتی رہتی ہیں ، اس میں شامل افرادکواپنا علاقہ چھوڑ کردوسری جگہ جانے کے لیے پولیس کورپورٹ کرنالازمی ہوتا ہے۔