26 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 20:19
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈلاک برقرار
جیو نیوز - اسلام آباد.........حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈلاک برقرارہے، جوڈیشل کمیشن کے مسودے پر اتفاق نہ ہوسکا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ تین کے سوا تمام نکات پر اتفاق ہوگیا، کل پھر بیٹھیں گے۔پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مذاکرات کو حتمی نتیجے تک پہنچانا ہے تو اس کے لیے وقت زیادہ نہیں۔حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان ڈیڈلاک برقرار ہے، آج فریقین کے درمیان مذاکرات ہوئے جس کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ 3نکات کے سوا جوڈیشل کمیشن کے تمام نکات پر اتفاق ہوگیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مذاکرات کو حتمی نتیجے تک پہنچانا ہے تو وقت زیادہ نہیں،حکومت نے عملی اقدامات کیے اس کا اعتراف کرتا ہوں لیکن جس توقع کے ساتھ آیا تھا، اس کے ساتھ واپس نہیں جارہا، وقت زیادہ نہیں ہے، مذاکرات کو طول دیا گیا تو سیاسی سمجھوتے کو گنوادیں گے۔