تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
27 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 18:27

بینظیر سابق وزیر اعظم ہی نہیں،صف اول کی اہم ترین رہنما تھیں:لیاقت بلوچ

جیو نیوز - لاہور........جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اورسابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ بے نظیر بھٹو صرف سابق وزیر اعظم یا پی پی پی کی سربراہ ہی نہیں، ملک کی صف اول کی اہم ترین رہنما تھیں، بے نظیر بھٹو کے المناک، وحشیانہ قتل کی واردات نے پاکستان ہی نہیں پوری دنیا کو سوگ میں مبتلا کر دیا تھا، یہ بھی قومی المیہ ہے کہ قومی قیادت کو سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت منظر سے غائب کر دیا جاتاہے لیکن سہولت کار اور قاتل منظر عام پر نہیں لائے جاتے، پوری قوم کے ساتھ ظلم ہے کہ جنرل پرویز مشرف اور آصف زرداری دور کے بعد اب نوازشریف کے دور اقتدار میں بھی بے نظیر بھٹو کے المناک قتل کی تحقیقات منظر عام پر نہیں آئیں۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ بینظیر بھٹو کی لیاقت باغ میں المناک واقعہ میں شہادت سے تین روز پہلے اے پی ڈی ایم کے وفد کے ساتھ اسلام آباد زرداری ہائوس میں ملاقات بہت اہم تھی، اس وفد میں میاں نوازشریف، محمد خان اچکزئی، جاوید ہاشمی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے، قاضی حسین احمد اور عمران خان کے انتخابات سے بائیکاٹ نہ کرنے کے لیے بےنظیر بھٹو نے شاندار، مدلل رائے سے سب کو لاجواب کر دیا تھا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ بینظیر بھٹو کے ساتھ قومی اسمبلی میں دو مرتبہ نمائندگی کا موقع ملا، لیاقت باغ کے المناک واقعے سے چند دن پہلے کی ملاقات میں یہ پہلو ابھر کرسامنے آیا کہ وہ حکومتی اپوزیشن، جلاوطنی کے تلخ تجربات کے بعد پختہ کار رہنما کی حیثیت اختیار کر گئی تھیں۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پی پی پی آج بڑے بحرانوں سے دوچار ہے، حکومتوں میں رہ کر پی پی نے اپنی صلاحیت ثابت نہیں کی اسی وجہ سے آج اپنی اہمیت اور مقام گنوا رہی ہے لیکن بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ پی پی کے پاس بےنظیر بھٹو کے پائے اور صلاحیت والی لیڈر شپ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم بےنظیر بھٹو کے یوم شہادت پر پی پی پی کے جرأت مند، باوقار، جمہوری کارکنان سے تعزیت کرتے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.