27 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 18:43
ملتان میں پیپلز پارٹی کی تقریب میں جیالوں نے بریانی پر ہلہ بول دیا
جیو نیوز - ملتان.........ملتان میں پیپلز پارٹی کی تقریب کے دوران جیالوں نے بریانی پر ہلہ بول دیا۔ گوجرانوالا میں بھی کارکنوں نے دیگوں اور پراتوں پر حملہ کردیا،جس کے جو ہاتھ آیا لے اڑا۔متحرمہ بےنظیر بھٹو کی ساتویں برسی کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں قرآنی خوانی کا اہتمام کیا گیا اور فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ کئی جگہ لنگر کی تقسیم کے دوان تقریب بے نظمی کا شکار ہوگئی۔ ملتان کی آرٹس کونسل میں متحرمہ بےنظیر بھٹو کی ساتویں برسی کی تقریب منعقد ہوئی۔کارکنوں نے محترمہ کی خدمات کو خرا ج عقیدت پیش کیا۔ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے بھی برسی کی تقریب میں شرکت کی۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف محترمہ کے وژن کو لے کر چل رہی ہے، پاکستان میں مسائل کے حل کے لیے تمام فیصلے پارلیمنٹ اور عوام کی خوشنودی کے مطابق کرنے چاہئیں۔ یوسف رضا گیلانی کے ساتھ فوٹو سیشن اور لنگر کی تقسیم کے دوران کارکن آپس میں الجھ پڑے۔ بریانی کی تھیلوں پر جیالوں نے دھاوا بول دیا۔ گوجرانوالا میں نوشہرہ روڈ پر منعقد برسی کی تقریب میں لنگر کی تقسیم کے وقت جیالے لنگر پر ٹوٹ پڑے، تقریب جیالوں کی دھکم پیل اور ہلڑ بازی کی نذر ہوگئی۔ حافظ آباد میں متحرمہ کی ساتویں برسی کے موقع پر ضلعی دفتر میں کارکنوں نے فاتحہ خوانی کی اور اور مرحومہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بہاول پور اور بہاول نگر میں بھی ضلعی دفتر میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ جھنگ میں کارکنوں نے شہید روڈ سے ایوب چوک تک ریلی نکالی۔ مردان میں باغ ارم میں بےنظیر کی برسی کے موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور میں معصوم بچوں کا قتل عام اور محترمہ بینظیر بھٹوکی شہادت دونوں ایسے قومی المیے ہیں جو ہمیشہ دلوں کو دکھی کرتے رہیں گے۔ باجوڑ ایجنسی میں بھی متحرمہ بےنظیر کی برسی کا انعقاد کیا گیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ محترمہ نے پاکستان میں غریب عوام کی خوشحالی کے لیے جو کوششیں کیں وہ پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔