28 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 14:45
پشاور: سکھوں کے روحانی پیشوا کا یوم پیدائش سادگی سے منایا گیا
جیو نیوز - پشاور........پشاور میں سکھوں کے روحانی پیشوا شری گورو گوبن سنگھ کا یوم پیدائش منایا جارہا ہے تاہم سانحہ پشاور کی وجہ سے یہ مذہبی تقریب سادگی سے منائی جا رہی ہے۔ پشاور کے محلہ جوگن شاہ میں واقع گوردوارہ بھائی جوگا سنگھ میں سکھ برادری کے روحانی پیشوا شری گورو گوبن سنگھ کا جنم دن منایا گیا۔ تقریب میں پشاور کی سکھ برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پرخصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے شرکاء کا کہنا تھا کہ شری گورو گوبن سنگھ صاحب کا جنم دن ہر سال جوش و خروش سے منایا جاتا ہے تاہم اس سال سانحہ پشاور کے باعث یہ تقریب سادگی سے منائی جارہی ہے۔ تقریب میں سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کےدرجات کی بلندی، ملک کی ترقی و استحکام اور قیام امن کے لئے بھی خصوصی دعائیں مانگی گئی۔