تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
28 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 16:54

پاکستانی شہید پائلٹ حضرت نظام الدین اولیاء کی درگاہ میں میٹھی نیند سو رہا ہے

جیو نیوز - کراچی.........پاکستان کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید فوجی پاکستان کی دھرتی کی گود میں سو رہے ہیں لیکن ایک شہید پائلٹ ایسا بھی ہے جو دہلی میں حضرت نظام الدین اولیاء کی درگاہ میں میٹھی نیند سو رہا ہے۔ دہلی میں حضرت نظام الدین اولیاء رحمتہ اللہ علیہ کی درگاہ پاکستان کے ایک شہید کو بھی اپنے دامن میں سمیٹے ہوئے ہے۔ پانچ دسمبر 1971ء کو فلائیٹ لیفٹننٹ مرتضیٰ ملک کو امرتسر کے ہوائی اڈے پر حملے کا حکم ملا تھا۔ نوجوان پائلٹ نے امرتسر کے ہوائی اڈے کی اینٹ سے اینٹ بجا دی۔ اسی دوران ان کے طیارے کو آگ لگ گئی۔ مرتضیٰ ملک نے جلتے ہوئے طیارے سے چھلانگ لگا دی۔ وہ زخمی حالت میں گرفتار ہوئے تو انھیں جنگی قیدی کی حیثیت سے دہلی کے فوجی اسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔ سولہ دسمبر 1971ء کو پاکستان ٹوٹ گیا اور اگلے روز فلائیٹ لیفٹننٹ مرتضیٰ ملک نے اپنی جان اپنے مالک کے سپرد کردی۔ پیر کے روز اس نوجوان پائلٹ کی زندگی اور شہادت کے بارے میں ایک کتاب کی تقریب رونمائی منعقد ہو رہی ہے۔ سینٹینلز ان دی سکائی نامی یہ کتاب کرنل ریٹائرڈ اعظم قادری اور گروپ کیپٹن محمد علی نے لکھی ہے۔ توقع ہے کہ اس کتاب کے ذریعے پاکستان کے ایک اور شہید کو وہ خراج تحسین پیش کیا جا سکے گا جس کا وہ برسوں سے مستحق تھا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.