28 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 17:27
عید میلاد النبی ﷺکی تیاریاں عرج پر پہنچ گئیں
جیو نیوز - کراچی........ربیع الاول کا مبارک مہینہ شروع ہوتے ہی عالم اسلام کی طرح کراچی میں بھی جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تیاریاں عرج پر پہنچ جاتی ہیں۔ جیسے جیسے 12 ربیع الاول کی مبارک سعادت قریب آرہی ہے کراچی کے بازار سبز پرچموں سے بھر گئے ہیں اور فضاء نعتوں کی گونج سے معطر ہوتی جارہی ہےاور ہو بھی کیوں نہ آخر جشن بھی تو ہے رحمت اللعالمین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کا۔شہری اس جشن کو منانے پر بڑے پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔ خواتین کا کہنا ہے کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں ہم گھروں اور محلہ کو سجاتے ہیں۔ بڑوں کے ساتھ ساتھ بچے بھی تیاریوں میں کسی سے کم نہیں۔ سبز عمامے اور پرچم ہرسو اپنی بہار دکھارہے ہیں۔ بچوں کا کہنا ہے کہ ہم نے جھنڈے، بیجز اور مختلف چیزیں خریدی ہیں کیونکہ یہ ہمارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی دنیا میں آمد کا جشن ہے۔ جشن آمد رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر عاشقان رسولصلی اللہ علیہ وسلم خوشی سے جھوم رہے ہیں،ان کا کہنا ہے کہ 12 ربیع الاول کا دن ان کیلئے روز عید سے کم نہیں۔ بڑوں کے ساتھ ساتھ بچے بھی عید میلاد نبی کی تیاریوں میں بڑھ چڑھ کے حصہ لے رہے ہیں۔