29 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 13:32
کراچی ٹمبر مارکیٹ ،اب بھی آگ کے شعلے بھڑک اٹھتے ہیں
جیو نیوز - کراچی.........کراچی کے علاقے پرانا حاجی کیمپ میں واقع ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر قابو تو پالیا گیا،لیکن اب بھی کہیں کہیں آگ کے شعلے بھڑک اٹھتے ہیں۔ کراچی کی ٹمبر مارکیٹ میں بھڑکنے والی آگ آج دوسرے روز بھی مکمل طور پر بجھائی نہ جاسکی، فائر بریگیڈ عملے کاکہنا ہے کہ گذشتہ روز محض آگ پر قابو پایا جاسکا تھا، لیکن چھتوں کے ملبے میں اب بھی آگ ہے۔ لکڑی کاگودام، کوئلہ گودام میں تبدیل ہوچکا ہے۔ فائر بریگیڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملبہ اٹھانے کے دوران جگہ جگہ آگ بھڑک اٹھتی ہے۔ فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں اور 60فائٹرز کام میں مصروف ہیں۔ کولنگ کا کام آج بھی جاری رہے گا۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ آگ سے ٹمبر مارکیٹ کے 36 پلاٹ اور 86گھر مکمل طور پر جل گئے ہیں، متعدد مویشی اور گاڑیاں بھی خاک ہوگئیں،لیکن خوفناک آگ سے ایک مسجد اور دو درگاہیں مکمل طور پر محفوظ رہیں۔ ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ کے نقصان کا اندازاہ لگایا جارہا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق گوداموں میں موجود لکڑی کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے، آگ کی لپیٹ میں آکر راکھ کا ڈھیر بن جانے والے گھروں کا نقصان اس کے علاوہ ہے۔