تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
30 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 22:50

کراچی:ٹمبر مارکیٹ کے متاثرین راتیں گلیوں میں گذارنے پر مجبور

جیو نیوز - کراچی...........کراچی میں ٹمبر مارکیٹ کی آگ نے لکڑیوں کے ساتھ ساتھ آشیانوں کے آشیانے بھی راکھ کے ڈھیر بناڈلے۔ جمع پونجی جل کر خاک ہوگئی اور متاثرین گلیوں میں راتیں گزارنے پر مجبور ہیں۔ راکھ بھی اب خاک ہوئی،تنکا تنکا جوڑ کر بنائے گئے آشیانے جل کر خاک ہوگئے۔ خود کو بے سائباں ہوتا دیکھنے والوں کا ایک دکھ نہیں۔ کچھ پوچھو تو آنکھیں نم ہوجاتی ہیں، کرب بڑھنے لگتا ہے، دکھ فریاد کو زبان دینے لگتے ہیں۔ سانحہ اب گزر گیا، موسم بھی تبدیل ہونے لگا۔ متاثرین کے مکان جل کر ختم ہوگئے اور راتیں گلیوں میں گزرنے لگیں۔ لکڑیوں میں لگنے والی آگ نے کھڑی عمارتوں کو کھنڈر بنا ڈالا۔ یہ جنگ کی تباہی کا منظر نہیں بلکہ آگ کے نتیجے میں تباہ اور خستہ حال مکانوں کی دیواریں ہیں۔ ٹوٹے دلوں پر قیامت یہ بھی گزری کہ متاثرین کی امداد کا اعلان سنتے ہی مالک مکانوں نے کرائے داروں سے جگہ خالی کر نے کا مطالبہ کرڈالا ۔لاکھوں روپے مالیت کے مکان اور گودام کھنڈر بن چکے ہیں، امداد کے اعلانات بھی ہوئے لیکن متاثرین اب بھی خالی ہاتھ بیٹھے ہیں۔ٹمبر مارکیٹ میں لگی آگ تو بجھ گئی لیکن متاثرین اپنے جلے ہوئے گھروں کو دیکھ کر نہ صرف رنجیدہ ہیں بلکہ حکام عالی سے سوال کر تے ہیں کہ ان کے نقصان کا ازالہ کب اور کون کر ے گا؟

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.