31 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 16:13
بھارتی فوج کی فائرنگ سے رینجرز اہلکاروں کی شہادت، الطاف حسین کی مذمت
جیو نیوز - لندن........متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ میں 2 رینجرزاہل کاروں کی شہادت کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے بھارتی حکومت سے اپنے فوجیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے سیالکوٹ کے شکرگڑھ سیکٹر میں پاکستانی افواج پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج صبح بھارت کی جانب سے پاکستانی فوج کو فلیگ مارچ کی دعوت دی گئی تھی لیکن جب پاکستانی فوج کے جوان وہاں پہنچیں تو بھارتی فوج نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دوفوجی جوان شدیدزخمی ہوگئے جوبعدازاںزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہیدہوگئے۔ انہوںنے شہیدفوجیوں کے ایصال ثواب کیلئے دعاکی اور بھارت کے بزدلانہ حملے اوردھوکا دہی کی شدیدالفاظ میں مذمت کی۔ انہوںنے کہاکہ تمام سیاسی ومذہبی جماعتوںکو اس سلسلے میں صدائے احتجاج بلند کرنی چاہیے ۔ الطاف حسین نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستانی فوجیوں پر بزدلانہ حملے کا نوٹس لیاجائے اور حملے میں ملوث بھارتی فوجیوں کے خلاف ایسا سخت ایکشن کیا جائے جو نظربھی آئے۔