تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
31 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 18:22

پاکستان اسلام کی تجربہ گاہ ہے، ماڈل بنا کر دنیا کے سامنے لائیں گے، سراج الحق

جیو نیوز - کراچی...........امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کی تجربہ گاہ ہے، اسے ماڈل بنا کر دنیا کے سامنے پیش کریں گے،کراچی اور پشاور کو کربلا بنا دیا گیا ہے، نئے سال کو امن کا سال قرار دیا جائے، عالمی سازش کے تحت عالم اسلام کے 13ممالک میں جنگ و جدل کا بازار گرم کیا گیا ہے،امریکا دنیا کو طاقت کی بنیاد پر زیر کرنا چاہتا ہے جب کہ اسلام امن و محبت کا درس دیتا ہے،شریعت کے نظام میں ہی امن کی ضمانت ہے اور یہی نظام مجرموں کا خاتمہ کر سکتا ہے،شریعت ِ محمدی کا نظام ہی اقلیتوں کو تحفظ فراہم کر سکتا ہے، نئی نسل کو دین کی طرف لے جانے،مساجد کو آباد کرنے اور ہر دل کے اندر عشق ِ مصفطیٰصلی اللہ علیہ وسلم کے نور کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے،اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان بن سکتا ہے۔ سراج الحق نے جماعت اسلامی کراچی کے تحت مقامی ہوٹل میں منعقدہ رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس و محفل نعت ِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ سیرت نبویصلی اللہ علیہ وسلم کا تذکرہ صرف ماہ ربیع الاول میں ہی نہیں بلکہ ہر مہینے اور ہر روز اس کا تذکرہ کرنا چاہیے،عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا تقاضا ہے کہ ہمیں اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کو ہر وقت یا د کر نا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے عورت کو بلند مقام و مرتبہ عطا کیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یتیموں، بیوائوں، مسکینوں اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا درس دیا ہے،والدین کا احترام،بچوں پر شفقت،پڑوسیوں کے حقوق کی ادا ئیگی کے سارے احکامات حیات طیبہ صلی اللہ علیہ وسلم میں ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم زندگی کے ہر شعبے میں ہماری رہنمائی کی ہے اس لیے ہمیں ان کی تعلیمات کو زندگی کے ہر شعبے میں نافذ کرنا چاہیے ،اگر ہم نے دین کو پورے کا پورے اپنا لیا تو ہم ناقابل تسخیر قوت بن سکتے ہیں ،ہمیں غور کرنا ہوگا کہ ہماری معیشت،معاشرت،عدالتی نظام،سیاست شریعت کے تابع ہیں ،سود کو اللہ نے اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف جنگ قرار دیا ہے لیکن آج ہمارا معاشرہ سود کی لعنت میں جکڑا ہو ا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے بار بار فرمایا تھا کہ ملک اسلام کے نام پر قائم کیا جا رہا ہے لیکن آج ہم مغرب کے غلام بنے ہوئے ہیں،ہم نے حق اور سچائی کو چھوڑ دیا ہے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات سے منہ موڑ لیا ہے اس لیے آج تباہی و بر بادی کا شکار ہیں ۔علامہ پیر سیدعظمت علی ہمدانی نے کہا کہ اپنے دل کے اندر اپنے محبوبؐ کی یادوں اور باتوں کو تازہ کرنا اور ذ کر کرنا فلاح کا کام ہے۔مفتی محمد زبیر نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں کو ان کی ضروریات کے مطابق نصیحت فرمایا کرتے تھے اور اسی مناسبت سے لوگوں سے کلام کرتے تھے اس لیے ہمارے لیے بھی آج ماہ ربیع الاول کے دوران یہ پیغام ہے کہ سیرت کا پیغام زندگی کے ہر شعبے کے ہر فرد تک اس کی سوچ اور فہم کے مطابق پہنچایا جائے اور کوئی فرد اور کوئی شعبہ ایسا باقی نہ رہے جہاں پیغا م محمد صلی اللہ علیہ وسلم نہ پہنچے۔حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جو دین ہم تک پہنچایا ہے اس کا ذریعہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات کو بنایا ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی کی بدولت ہی ہمیں زندگی گذارنے کا پورا ایک نظام عطا ہوا ہے۔اس موقع پر سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ،امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔کانفرنس کی نظامت کے فرائض جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر اسامہ رضی اور معروف اینکروسیم بادامی نے انجام دیےجبکہ معروف نعت خواں الحاج صدیق اسماعیل، نعمان شاہ، حافظ سلمان طارق نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی مدحت میں گل ہائے عقیدت پیش کیے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.