31 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 19:10
تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس 6جنوری کو طلب
جیو نیوز - اسلام آباد......... حکومت کے ساتھ مذاکرات اور آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کے لئے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس 6 جنوری کو طلب کرلیا گیا ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بات چیت کے دروازے بند نہیں کئے ، تاہم اس کی ضرورت محسوس نہیں ہورہی۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کےدوران تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت مذاکرات کرنا چاہتی ہے لیکن انہیں منطقی انجام تک نہیں پہنچانا چاہتی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف مؤثر اور حکومت بے اختیار عدالتی کمیشن کی خواہش مند ہے، عمران خان کو صورت حال سے آگاہ کردیا ہے، کور کمیٹی آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق قانونی مسودے پر کئی جماعتوں کو اعتراضات تھے، نئے مسودے کا جائزہ لیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے پیٹرول پر ٹیکس لگانےکے خلاف حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ٹیکس کے نفاذ کا اختیار پارلیمنٹ کو ہے،حکومت کو نہیں،اس سے یہ بھی ثابت ہوگیا ہے کہ حکومت نے دوماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی دھرنے کی وجہ سے کی۔