تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
1 جنوری 2015
وقت اشاعت: 17:28

دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کوئی بھی غیر جانبدار نہیں رہ سکتا، وزیراعظم

جیو نیوز - اسلام آباد........وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کےخلاف جنگ میں کوئی بھی غیر جانبدار نہیں رہ سکتا،دہشت گردوں اور ان کے مددگاروں میں کوئی فرق نہیں رکھیں گے، عوام اطمینان رکھیں ، ان کی قیادت جاگ رہی ہے۔ ملکی سلامتی کی صورت حال اور انسداد دہشت گردی کے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کا جائزہ لینےکے لیے وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس پرائم منسٹر ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزراء ، گورنر خیبرپختون خوا،آرمی چیف ، ڈی جی آئی ایس آئی،سیاسی وآئینی مشیر اور اٹارنی جنرل بھی شریک ہوئے ۔ دہشت گردوں کو جلد سزائیں دلوانے کے لیے خصوصی عدالتوں کے قیام کے قانونی و آئینی امور پر تفصیلی غور کیاگیا۔ ڈی جی آئی ایس آئی نے آپریشن ضرب عضب اور خیبرایجنسی سمیت دیگر علاقوں میں جاری کارروائیوں پر بریفننگ دی۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ نے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد سےمتعلق اقدامات پر بریفننگ دی اوربتایاکہ نیکٹا کوفعال کرنے کےبعد وفاق اور صوبوں کے درمیان جدید خطوط پر انٹیلی جنس میکانزم قائم کیاجارہاہے جبکہ صوبوں کو کالعدم تنظیموں کےبارےمیں ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کورکمانڈرز کانفرنس کےبارےمیں وزیراعظم کوبریف کیا۔ اجلاس میں بھارتی فائرنگ سے رینجرز اہلکاروں کی شہادت کے واقعہ پر گہرے دکھ اورتشویش کا اظہار کیاگیا۔ وزیراعظم نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو ہدایت کی کہ معاملہ فوری طورپربھارتی حکومت کےساتھ اٹھایاجائے ۔ وزیراعظم نےاجلاس سےخطاب میں کہاکہ پاکستان کو دہشت گردوں سے پاک کرنا ان کامشن ہے،سیاسی وعسکری قیادت دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف مکمل متحد ہے، اپنے ایکشن پلان کے ساتھ دہشت گردوں کو تباہ وبرباد کردیں گے، بروقت فیصلوں اور موثر اقدامات سے کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ دہشت گردوں اوران کےمعاونین کےدرمیان کوئی تمیز روا نہیں رکھیں گے، اس جنگ میں کوئی بھی غیر جانبدار نہیں رہ سکتا،دہشت گرد خوف پیدا کر کے ہمارے رویوں کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں لیکن عوام اطمینان رکھیں، ان کی قیادت جاگ رہی ہے، دہشت گردوں کو ملک کے کونے کونے سے ڈھونڈا جا رہا ہے، اس جنگ کو دہشت گردوں کی پناہ گاہوں تک لے جائیں گے،انہیں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.