1 جنوری 2015
وقت اشاعت: 18:17
آصف زرداری نے فوجی عدالتوں پر پھر تحفظات ظاہر کردیے
جیو نیوز - کراچی........پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کو فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق کچھ تحفظات ہیں، پارٹی کی قانونی ٹیم اس پر کام کر رہی ہے۔ ان کا موقف ہے کہ صرف دہشت گردی کے مقدمات ہی فوجی عدالتوں میں چلائے جائیں۔ بلاول ہائوس کراچی میں پیپلز پارٹی خیبر پختونخواہ کے عہدیداروں کا اجلاس ہوا جس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، شیری رحمان، فریال تالپور اور سینیٹر رحمان ملک نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری نے صوبہ خیبر پختونخواہ میں پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کی شکایات سنیں اور پارٹی رہنمائوں کے اختلافات دور کرائے ۔ پیپلز پارٹی میڈیا سیل میں پریس کانفرنس کے دوران پیپلز پارٹی کے پی کے کے صدر خانزادہ خان نے کہا کہ نور عالم خان کو صوبہ خیبر پختونخواہ جبکہ اخوانزادہ چٹان کو فاٹا کے لئے شریک چیرمین کا مشیر برائے سیاسی امور اور نوجوانان مقرر کیا گیا ہے۔ پارٹی رہنمائوں سے گفتگو میں سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ ان کی جماعت کو فوجی عدالتوں پر تحفظات ہیں، ان عدالتوں میں صرف دہشت گردی میں ملوث مقدمات کی سماعت ہونا چاہیے، دیگر مقدمات کو فوجی عدالتوں میں نہیں چلانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹر اعتزاز احسن اور سینیٹر رضا ربانی پر مشتمل ٹیم فوجی عدالتوں کے قیام کا جائزہ لے رہی ہے جس کے بعد اپنے موقف سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا جائے گا۔