1 جنوری 2015
وقت اشاعت: 19:37
آپریشن ضرب عضب کو مزید تیز کرنے کے فیصلے پر عوام کی رائے
جیو نیوز - پشاور........ سانحہ پشاور نے دہشت گردوں کی بربریت کو عوام کے سامنے بے نقاب کردیا جس کے بعد سیاسی اور عسکری قیادت نے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا۔ عوام اس فیصلے پر کیا رائے رکھتے ہیں؟اس بارےمیں جاننے کے لئے جیو نیوز، جنگ اخبار اور دی نیوز نے گیلپ پاکستان کے تعاون سے ملک کے چاروں صوبوں میں سروے کیا جس میں 25 سو سے زائد افراد نے حصہ لیا۔ سروے میں عوام سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ سانحہ پشاور کے بعد وزیراعظم نوازشریف کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں یا مخالفت ؟ جواب میں سروے میں شامل 82 فیصد افراد نے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جاری رکھنے کے فیصلے کی حمایت کی، 12 فیصد نے مخالفت کی جبکہ 6 فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔ جس کے بعد عوام سے مزید سوال کیا گیا کہ آپ کے خیال میں پشاور سانحہ کس حکومت کی ناکامی اور نااہلی کی وجہ سے پیش آیا۔ وفاقی یا صوبائی؟ جواب میں سروے میں شامل 39 فیصد افرادنے پشاور سانحے کو وفاقی حکومت کی ناکامی قرار دیا جبکہ 24 فیصد کا کہنا تھا کہ پشاور سانحہ خیرپختونخوا حکومت کی نااہلی کی وجہ سے پیش آیا۔ سروے میں 36 فیصد افراد ایسے تھے جن کا کہنا تھا کہ یہ سانحہ وفاقی اور خیبرپختونخوا حکومت یعنی دونوں کی نااہلی کے وجہ سے پیش آیا ۔ 1 فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔