30 مارچ 2013
وقت اشاعت: 3:14
لیاری:ملزمان سے فائرنگ کے تبادلے میں رینجرز اہلکار زخمی، 2 زخمی ملزمان گرفتار
جیو نیوز - کراچی....لیاری میں شاہ بیگ لین میں رینجرز کے ٹارگیٹڈ آپریشن کے دوران ملزمان سے فائرنگ کے تبادلہ میں ایک رینجرز اہلکار زخمی جبکہ 2ملزمان کوزخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق لیاری کے علاقے شاہ بیگ لین میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز کا ٹارگیٹڈ آپریشن جاری ہے۔ رینجرز کی بھاری نفری نے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا ہے ، آپریشن کے دوران متعدد افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، اس دوران ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے رینجرز کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا جبکہ جوابی فائرنگ کے بعد 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ شبہ ہے کہ گرفتار ہو نے والے ملزمان گزشتہ روز ایمپریس مارکیٹ میں قتل ہو نے والے تاجر مولانا ظفر کے قتل میں ملوث ہیں۔سپریم کورٹ نے گزشتہ روز پولیس اور رینجرز کو تمام وسائل بروئے کار لا کر کراچی میں تمام نو گو ایریاز فوری ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔