1 اپریل 2013
وقت اشاعت: 20:25
ڈسٹرکٹ جج محمد یامین کا دیگر کے ہمراہ ملیر جیل کا دورہ،قیدیوں سے ملاقات
جیو نیوز - کراچی …بلال احمد…سپریم کورٹ کی نئی جوڈیشل پالیسی کے تحت انصاف کی لہر نچلی سطح تک پہنچانے کیلئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر محمد یامین نے جوڈیشل مجسٹریٹ نادر خان بُردی، پی ایس ٹو ڈی جے ملیر زبیر بن محموداے ڈی سی ملیر اقبال احمد میرانی اور سائبان انٹرنیشنل ویلفیئر آرگنائزیشن کے جنرل سکریٹری حیدر علی حیدر#کے ہمراہ ڈسڑکٹ جیل ملیر کا دورہ کیا ۔ ججوں نے بیرکوں میں جاکر قیدیوں سے ان کے مقدمات کے حوالے سے گفتگو کی اس موقع پر قیدیوں کی بڑی تعداد میں سے بیشتر قیدیوں نے مقدمات سے بری کرنے کیلئے درخواستیں پیش کیں جبکہ12قیدیوں نے اعترافِ جرم کر کے رہائی دلانے جبکہ05 قیدیوں نے جرمانے کی رقم کی ادائیگی کی اپیل کی۔ فاضل جج نے12قیدیوں کو اعتراف جرم پر جیل میں گذاری گئی مدّت کو سزا قرار دے کر رہا کرنے کا حکم دیا جبکہ 05 قیدیوں کے جرمانے کی رقم اور دیگر قیدیوں کے سفری اخراجات سائبان کے چیئرمین حق نواز اختر#کی ہدایت پر سائبان کے جوائنٹ سکریٹری فتح محمد قریشی نے ادائیگی کردی اس طرح مجموعی طور پر17قیدیوں کو رہائی مل گئی۔ بعدازاں فاضل ججوں نے جیل ہسپتال کا دورہ کیا جہاں ڈاکٹر فرمان شاہ اور ڈاکٹر کاشف اقبال نے قیدی مریضوں کے امراض کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا اس موقع پر ڈاکٹروں نے ڈسٹرکٹ جج کو بتایا کہ زخمی مریضوں کیلئے وہیل چیئرز کی عدم دستیابی اور سکیورٹی گارڈ کے بغیر مریض قیدیوں کو شہر کے ہسپتالوں میں داخل کرنا بھی ایک مسئلہ بن گیا ہے ۔جیل کے کچن کے دورے کے دوران قیدیوں کے لئے پکنے والے کھانے کو چیک کیااور اطمینان کا اظہار کیا۔