2 اپریل 2013
وقت اشاعت: 6:25
پشاور:گرڈ اسٹیشن حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد7 ہوگئی
جیو نیوز - پشاور…پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں محمدی گرڈ اسٹیشن پر شدت پسندوں کے حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد7 ہوگئی ہے۔ مزید پانچ افراد کی لاشیں قریبی کھیتوں سے مل گئی ہیں،جبکہ چار واپڈا اہل کار اب بھی لاپتہ ہیں۔ پولیس کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب سوا ایک بجے محمدی گرڈ اسٹیشن پر شر پسندوں نے حملہ کیا اور سات راکٹ فائر کئے، جس سے گرڈ اسٹیشن کو آگ لگ گئی اور دو افراد جن میں ایک پولیس اور ایک واپڈااہل کار شامل تھا موقع پر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔شر پسندوں نے واپڈا کی سات گاڑیوں اور چار پاور ٹرانسفامرز کو بھی جلادیا۔شدت پسند نو اہل کاروں کو بھی اغواء کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔ منگل کی صبح سرچ آپریشن کے دوران مزید پانچ افراد کی لاشیں قریبی کھیتوں سے پولیس کو مل گئی ہیں جن میں تین واپڈا اور دو پولیس اہلکار شامل ہیں۔ پیسکو ترجمان شوکت افضل کے مطابق چار واپڈا اہلکار تاحال لاپتہ ہیں۔