4 اپریل 2013
وقت اشاعت: 0:49
5 سال میں کمزوریاں رہیں مگر ملک کی سمت درست کر دی ،صدر زرداری
جیو نیوز - نوڈیرو....صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان کی سمت درست کردی اور رکاوٹوں کے باوجود جمہوریت کو مضبوط کیا جبکہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت اپنے دور میں دوسروں کے بچھائے ہوئے کانٹے چنتی رہی۔ صدر آصف علی زرداری نے نوڈیرو میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں بڑے مقبول لیڈر رہے لیکن بھٹو جیسی بات کسی میں نہ تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ 5برسوں میں یقیناً کمزوریاں رہی ہوں گی۔ لیکن جمہوریت میں اس طرح کی کمزوریاں آجاتی ہیں۔ صدر زرداری نے کہا ان کے پاس موقع تھا کہ پارلیمنٹ کو اختیارات نہ دیتے۔ لیکن انہوں نے وہ اقدامات کئے جو پاکستان اور آنے والی نسلوں کے لیے بہتر تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام انتخابات میں اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دیں۔ اس سے پہلے پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلی بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 سال میں سانس لینے کا موقع بھی نہیں دیا گیا۔پھر بھی عوام کی خدمت کی۔ پیپلز پارٹی کی حکومت دوسروں کے بچھائے ہوئے کانٹے چنتی اور دوسروں کی ہاری ہوئی جنگ لڑتی رہی۔ پیپلز پارٹی کی پالیسیوں کے سبب آج کسان کے پاس روٹی کپڑا اور مکان ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے عوام سے وعدہ لیا کہ وہ انتخابات میں تیر پر ہی ٹھپہ لگائیں گے۔