4 اپریل 2013
وقت اشاعت: 19:38
پاکستان میں 48 ڈرون حملے، 400 ہلاکتیں، ایچ آر سی پی کی رپورٹ
جیو نیوز - اسلام آباد … ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے اپنی سالانہ رپورٹ 2012ء جاری کر دی، جس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس ملک میں 48 ڈرون حملے ہوئے اور 913 خواتین غیرت کے نام پر قتل ہوئیں۔ کراچی میں لسانی، فرقہ ورانہ اور سیاسی فسادات میں 2 ہزار 284 افراد نشانہ بنے۔ ہیومین رائٹس کمیشن کی رپورٹ کے مطابق 2012ء میں ڈرون حملوں سے 400کے قریب ہلاکتیں ہوئیں، ایک ہزار 577 دہشت گرد حملوں میں 2050 افراد ہلاک اور 3822 زخمی ہوئے، صرف بلوچستان میں ہزارہ برادری کے 100 سے زائد لوگ قتل ہوئے۔ 2012ء میں 242 افراد کو سزائے موت سنائی گئی جبکہ جیلوں میں 59 قیدی ہلاک ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق فرقہ واریت کے 213 واقعات میں 583 افراد ہلاک اور 853 زخمی ہوئے، کراچی میں 6 گرجا گھروں پر حملے کئے گئے۔ 2012ء میں پاکستان دنیا میں دوسرے نمبر پر آگیا جہاں 5 سے 9 سال کے 51 لاکھ بچے اسکول نہیں گئے، اسی سال 121 اسکول دہشت گردوں کا نشانہ بنے، ایک کروڑ بچے چائلڈ لیبر کا شکار ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 2012ء میں 913 خواتین کو غیرت کے نام پرقتل کر دیا گیا، ان میں 99 کمسن لڑکیاں تھیں۔ 2012ء کے پہلے 6 ماہ کے دوران بچوں پر جنسی تشدد کے 1573 واقعات سامنے آئے۔ جبکہ گزشتہ برس صحافت کیلئے خطرناک ممالک کی فہرست میں پاکستان 179 میں سے 151 نمبر پر آگیا اور اس سال 12 صحافی مارے گئے۔ دنیا کے ٹی بی سے متاثرہ 22 ممالک میں پاکستان چھٹے نمبر پر رہا۔