5 اپریل 2013
وقت اشاعت: 6:59
پشاور: آئی ڈی پیز کو کیمپوں میں ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہمی کافیصلہ
جیو نیوز - پشاور…الیکشن کمیشن نے خیبرپختون خوا کے مختلف کیمپوں میں مقیم آئی ڈی پیز کو کیمپوں میں ہی ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کرنے کافیصلہ کیا ہے جبکہ کیمپوں سے باہر مقیم آئی ڈی پیز کے لئے فوڈسینٹرز کے قریب پولنگ اسٹیشنز قائم کرنے پر غورکیا جارہا ہے۔ قبائلی علاقوں سے شورش کے باعث نقل مکانی کرنے والے ایک لاکھ پچاس ہزار سے زیادہ خاندان خیبرپختون خوا کے مختلف علاقوں میں مقیم ہیں۔نقل مکانی کرنے والے ایک لاکھ پانچ ہزار سے زیادہ خاندان کرائے کے مکانوں اور رشتہ داروں کے ہاں پناہ لیے ہوئے ہیں جبکہ باقی نیودرانی جلوزئی اور توغ سرائے کیمپوں میں پناہ گزین ہے۔الیکشن کمیشن خیبرپختون خوا نے پشاور ہائی کورٹ کی ہدایت پر کرم ایجنسی ،نوشہرہ اور ہنگو میں قائم ان کیمپوں میں مقیم 49ہزار سے زیادہ خاندانوں کو ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کرنے کے لئے کیمپوں میں پولنگ اسٹیشنز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فیصلے کے تحت ایک لاکھ سے زیادہ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔ الیکشن کمیشن خیبر پختون خوا کے مطابق ورلڈ فوڈ پروگرام نے کیمپوں سے باہر مقیم آئی ڈی پیز کاڈیٹا فراہم کیا ہے اور اس بات پر غور کیا جارہا ہے کہ آئی ڈی پیز کے لئے ورلڈ فوڈ پروگرام کے پندرہ سینٹرز کے قریب ہی پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں تاکہ وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔