5 اپریل 2013
وقت اشاعت: 19:49
نگران حکمراں، کالعدم تنظیموں کو الیکشن سے باہررکھیں،حامد موسوی
جیو نیوز - اسلام آباد…قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے واضح کیا ہے کہ وطن عزیز میں کوئی مکتبی تنازعہ نہیں،خانہ جنگی کی سرتوڑ کوششیں کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی‘دہشتگردو ں کے سیکیورٹی اداروں کیساتھ رابطوں کا نوٹس لیا جاسکتا ہے تو چیف جسٹس الیکشن کمیشن کی جانب سے کالعدم گروپوں کی رجسٹریشن اور انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کا ازخود نوٹس بھی لیں‘نگران حکمران اگر ملک و قوم سے مخلص ہیں تو کالعدم تنظیموں کو الیکشن کے عمل سے باہر کرکے انہیں قانون کے شکنجے میں جکڑیں، تاریخ میں اپنا نام زندہ رکھنے کیلئے وطن کی سا لمیت ،عزت اور وقار کو زندہ رکھنا ضروری ہے ۔رسول خدا کی پیاری دختر خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کا حق کیلئے ڈٹ جانے کا درس ہر دور میں کامیابی و سرخروئی کی ضمانت اور طبقہ نسواں کیلئے مشعل نور ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہادت حضرت فاطمہ زہرا کی مناسبت سے جمعہ کو عالمی عشرہ عزائے فاطمیہ کے آغا ز پر اپنے خصوصی خطاب میں کیا جو 23جمادی الاول تا3جمادی الثانی دنیا بھر کی طرح پورے پاکستان میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے ۔آقای موسوی نے کراچی اور دیگر مقامات پرقیام امن کیلئے کوشاں سیکورٹی اہلکاروں پر دہشت گرد حملوں کو قومی سلامتی پر وارقرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کا تدارک نہ کیا گیا تو بہت بھیانک نتائج بر آمد ہونگے ۔