7 اپریل 2013
وقت اشاعت: 18:42
الطاف حسین کی بشیر قریشی کو خراج عقیدت، لنگا اور ظل نظامی کے انتقال پر تعزیت
جیو نیوز - لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے جئے سندھ قومی محاذ(جسقم ) کے شہید چیئر مین بشیر قریشی کی پہلی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے کہاہے کہ انہوں نے سندھ کے حقوق کیلئے آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھی۔ الطاف حسین نے کہا کہ بشیر قریشی شہید نے سندھ کے حقوق کیلئے تمام عمر صر ف کردی او رسند ھ میں آباد تمام قومیتوں کے باہم اتحاد کے لئے کوششوں میں سرگرم رہے ۔الطاف حسین نے بشیر قریشی شہید کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا او ران کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی ۔ الطاف حسین نے بشیر قریشی کے تمام لواحقین سے دل تعزیت کا اظہار کیا اور جسقم کے تمام کارکنوں سے کہا کہ وہ بشیر قریشی شہید کے راستے پر چلتے ہوئے سندھ کے حقوق کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں ۔دریں اثناء الطاف حسین نے پاکستان سرائیکی پارٹی کے سربراہ تاج محمد لنگا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے مرحوم کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خصوصاً جنوبی پنجاب کیلئے تاج محمد لنگا کی جدوجہد اور خدمات قابل ستائش رہی ہیں اور ان کے انتقال سے پاکستان ، سرائیکی پارٹی اورجنوبی پنجاب ایک محسن اور دوست سے محروم ہوگیا ہے ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبرجمیل عطا کرے۔ (آمین)۔علاوہ ازیں الطاف حسین نے سرسید یونیورسٹی کے بانی انجینئر زیڈ اے نظامی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ زیڈ اے نظامی مرحوم علم دوست انسان تھے اوران کی شہرکراچی اور ملک میں تعلیم کے فروغ کیلئے خدمات گرانقدر ہیں جنہیں فراموش نہیں کیاجاسکتا ۔ انہوں نے زیڈ اے نظامی مرحوم کی علم کے فروغ کیلئے خدمات کو سراہا اور انہیں زبردست خراج عقیدت بھی پیش کیا ۔ انہوں نے مرحوم کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے ۔ (آمین)