تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 اپریل 2013
وقت اشاعت: 8:59

گیلانی کو استثنیٰ کیسے ؟حج کرپشن کیس میں عدالت کا استفسار

جیو نیوز - اسلام آباد… حج کرپشن کیس میں ایف آئی اے کے تفتیشی افسر حسین اصغر نے کہا ہے کہ وزارت قانون کہتی ہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو استثنیٰ حاصل ہے اور انہیں تفتیش سے روک دیا گیا ہے، عدالت نے وزارت قانون، یوسف رضا گیلانی اوراٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیئے کہ استثنیٰ کیسے حاصل ہے ؟چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے حج کرپشن کیس کی سماعت کی۔حسین اصغر نے عدالت کو بتایا کہ وزارت قانون نے انہیں خط لکھا ہے جس کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو استثنیٰ حاصل ہے،ان کیخلاف کارروائی نہیں ہو سکتی، جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ وہ اب وزیراعظم نہیں رہے ، پھر استثنیٰ کیسے حاصل ہے ، چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے ریمارکس دیئے کہ صرف وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہنے والے کو استثنیٰ حاصل ہوتا ہے،حسین اصغر کا کہنا تھا کہ حج کرپشن اسکینڈل کے بعد یوسف رضا گیلانی کے اثاثوں میں اچانک ڈرامائی اضافہ ہوا اور انہوں نے ملتان میں زمینیں بھی خریدیں،ایف آئی اے کے لیگل ڈائریکٹر اعظم خان نے بتایا کہ سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسماعیل قریشی ضمانت کے بعد امریکا روانہ ہو گئے ہیں،چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اب تک کتنے ملزمان گرفتار ہیں، حسین اصغر نے بتایا کہ سابق ڈی جی حج راؤ شکیل اور وزارت مذہبی امور کے سابق جوائنٹ سیکرٹری آفتاب الاسلام گرفتار ہیں، سابق وزیرمذہبی امور حامد سعید کاظمی ضمانت پر رہا ہیں، راؤ شکیل کے اکاؤنٹس منجمد کر دیئے گئے ہیں، حامد سعید کاظمی کے سال 2008، 2009 کے بعد اضافہ ہونے والے اثاثے منجمد کر دیئے گئے ہیں،گواہان کے مطابق ملزمان کو کیش کی صورت میں ادائیگیاں کی گئیں، بعد میں عدالت نے حکم دیا کہ وزارت قانون جواب داخل کرے کہ یوسف رضا گیلانی کو کیسے استثنیٰ حاصل ہے اور خط میں لکھی گئی استثنیٰ سے متعلق باتوں کی وضاحت کی جائے، وزارت قانون یہ بھی بتائے کہ خط حکومت کی ہدایت پر لکھا یا خود لکھا۔اشتہاری ملزم احمد فیض کی واپسی کے لیے وزیرداخلہ سعودی ہم منصب سے معاملہ اٹھائیں ، مزید سماعت دو ہفتے بعد ہو گی ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.