تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 اپریل 2013
وقت اشاعت: 13:33

صابرہ بی بی قتل کیس،مفرور ملزمان کو اشتہاری اور جائیداد ضبط کرنیکا حکم

جیو نیوز - اسلام آباد…سپریم کورٹ نے صابرہ بی بی قتل کیس کے تمام ملزمان کو دو دن میں گرفتار کرنے اورمفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دلوا کر جائیداد ضبطگی کی کارروائی شروع کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالتی بیلف پر فائرنگ کی گئی، خاتون جاں بحق ہو گئی مگر پولیس با اثر ملزمان کو گرفتار نہیں کر رہی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے صابرہ بی بی قتل کیس کی سماعت کی۔ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ کے آٹھ ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے تاہم دیگر مفرور ہیں۔ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے تفتیش میں بعض پولیس افسران پر بھی شہادتیں ضائع کرنے کا الزام لگا کر انہیں ملزم نامزد کیاہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جس پولیس افسر کو ملزم قرار دیا اسے یو این مشن پر بیرون ملک بھجوا دیا گیا، فوری واپس بلوایا جائے۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ عدالتی بیلف پر فائرنگ ہوئی، یہ تو دہشت گردی کا مقدمہ بنتا ہے۔ کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت سے کیسے منتقل ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ تھانے کا ایس ایچ او تبدیل اور سی پی او راول پنڈی اظہر حمید کھوکھر کا بھی تبادلہ ہو گیا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سی پی او راول پنڈی کو چارج واپس دیا جائے یا پھر آئی جی پنجاب ملزمان گرفتار کر کے عدالت کے سامنے پیش کریں۔ مقدمہ کی مزید سماعت 11 اپریل کو کی جائے گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.