11 اپریل 2013
وقت اشاعت: 0:44
جمشید دستی آج رہا ہوں گے ،انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ الیکشن ٹریبونل کرے گا
جیو نیوز - لاہور....لاہورہائی کورٹ ملتان ڈویژن بنچ نے جعلی ڈگری کیس میں جمشید دستی کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم جاری کردیا ہے۔ جمشید دستی کے آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ الیکشن ٹریبونل کرے گا۔ لاہور ہائی کورٹ ملتان ڈویژن بنچ میں بدھ کو جمشید دستی پر جعلی ڈگری کیس میں 3 سال قید اور 5ہزار روپے جرمانے کی سزا کے خلاف سماعت ہوئی۔ اس دوران جمشید دستی کے وکیل شیخ خضرحیات اور الیکشن کمیشن کے وکلا نے دلائل پیش کئے۔ جس کے بعد ڈویشن بنچ کے جج جسٹس عبادالرحمان لودھی اور جسٹس اعجازاحمد نے جمشید دستی کی سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کرنے کا حکم دے دیا۔ جمشید دستی کوآج ملتان جیل سے رہا کردیا جائے گا۔ جمشید دستی کے وکیل کی جانب سے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف بھی الیکشن ٹریبونل ملتان بنچ میں بھی اپیل دائر کی گئی جس کی سماعت 15 اپریل کو ہوگی۔ جس میں جمشید دستی کے انتخابات میں حصہ لینے کے بارے میں ان کی اہلیت کا فیصلہ کیا جائے گا۔