11 اپریل 2013
وقت اشاعت: 16:34
سندھ : سپریم کورٹ کا ڈپیوٹیشن پر تعینات افسران کو فوری عہدہ چھوڑنے کا حکم
جیو نیوز - کراچی … سپریم کورٹ نے سندھ میں ڈپیوٹیشن پر تعینات افسران کو فوری طور پر عہدہ چھوڑنے کا حکم دیاہے اورحکم کی عدم تعمیل پر چیف سیکریٹری سندھ اور افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا انتباہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس سرمد جلال عثمانی اور جسٹس امیرہانی مسلم پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے خلاف ضابطہ تقرریوں کے کیس کی سماعت کی۔ بینچ نے ڈیپوٹیشن، انضمام اور او پی ایس افسران کے متعلق مکمل فہرست پیش نہ کرنے پر سیکریٹری سروسز پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ کل صبح تک فہرست پیش کریں ورنہ چیف سیکریٹری اور متعلقہ افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کریں گے۔ بینچ کو بتایا گیا کہ ڈیپوٹیشن پر تعینات 155 میں سے 47 افسران نے چارج چھوڑ دیا ہے، 14 افسران کو روک لیا گیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ تمام ڈیپوٹیشن افسران چارج چھوڑ دیں ورنہ ان کے خلاف بھی توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔ بعد میں عدالت نے سماعت کل صبح تک ملتوی کردی۔