12 اپریل 2013
وقت اشاعت: 2:22
پرویز مشرف قصور سے الیکشن لڑینگے یا نہیں، فیصلہ آج متوقع
جیو نیوز - قصور… جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے چترال سے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف اعتراض پر انھیں سولہ اپریل کو پشاور الیکشن ٹریبونل طلب کرلیا گیا ہے۔ قصور میں ان کی اپیل آج اور کراچی میں پیر کو سنی جائے گی۔ پرویز مشرف کی این اے 48اسلام آباد سے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے ، ٹریبونل میں مشرف کے وکیل نے موقف اپنایا کہ 180دن سے زائد بیرون ملک رہنے سے ٹیکس سے استثنا مل جاتاہے ، اس پر ججز نے کہا کہ وہ قانون دکھائیں جس میں استثنا ہے۔ کراچی میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 250 پر بھی مشرف کی اپیل پر الیکشن کمیشن اور دیگرکو 15 اپریل کے لیے نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ ادھر سابق صدر کے قصور سے قومی اسمبلی کے حلقہ139سے کاغزاتِ نامزدگی مسترد کئے جانے کیخلاف اپیل پرالیکشن ٹریبونل نے ریٹرننگ افسر کو 12اپریل کے لئے نوٹس جاری کردئیے۔ پشاورمیں الیکشن ٹریبونل نے قومی اسمبلی حلقہ این اے 32 چترال سے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات پر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو سولہ اپریل کو طلب کرلیا۔