12 اپریل 2013
وقت اشاعت: 7:15
رحیم یارخان کا ایک خاندان ،تین بہنیں اور ایک بھائی بینائی سے محروم
جیو نیوز - رحیم یارخان …رحیم یارخان میں ایک خاندان ایسا بھی ہے جہاں تین جواں بہنیں اور ایک بیٹا بینائی سے محروم ہے۔بچوں کی ماں کہتی ہے کہ جنہوں نے ووٹ لئے انہوں نے بھی حکومت میں آکر انکے خاندان کا علاج نہیں کرایا۔ تحصیل خان پور کے نواحی قصبہ سہجہ کی رہائشی زرینہ بی بی عمر کے ایسے حصے میں ہیں جب بچے بڑھاپے کا سہارا بنتے ہیں۔ لیکن شوہرکی غیرموجودگی میں تین تین جواں بیٹیاں اور ایک جواں بیٹے کی موجودگی بھی انکی پریشانی بڑھارہی ہیں۔ کیونکہ ان سب کی زندگی اندھیرے کا شکار ہے۔ پروین، نسرین،روبینہ اور محمد عاشق دیکھنے سے محروم ہیں۔ زرینہ بی بی کا کہنا ہے کہ انکے بچوں کے علاج کے لئے ڈاکٹر نے لاکھوں روپے کا خرچہ بتایا ہے لیکن انکے پاس اتنے پیسے نہیں ہیں کہ وہ اپنے بچوں کا علاج کراسکیں۔زرینہ بی بی کو سیاست دانوں سے بھی شکایت ہے کہ وہ ووٹ کے لئے تو آجاتے ہیں لیکن بعد میں کیوں نہیں پوچھتا۔زرینہ بی بی کا کہنا ہے کہ وہ اسی کو ووٹ دیں گے جو ہمارے بچوں کی مدد کرے گا ورنہ ووٹ کسی کو نہیں ملے گا۔ان کا صاحب حیثیت لوگوں سے مطالبہ ہے کہ وہ ان کی مدد کریں تاکہ وہ اور انکا خاندان عام شہریوں کی طرح زندگی گزارسکیں۔