12 اپریل 2013
وقت اشاعت: 8:24
سندھ :میٹرک کے امتحانات کا پانچواں دن،نقل زوروشور سے جاری
جیو نیوز - کراچی…سندھ بھر میں پانچویں روز بھی میٹرک کے امتحانات میں نقل زوروشور سے جاری رہی،گھوٹکی کے امتحانی مراکز میں 2سو روپے دیں اورپرچہ حل کرائیں۔میر پور ماتھیلو ، ڈہرکی اورجروار کے امتحانی مراکزمیں دو،دو سو روپے میں پرچے باہر سے حل کر کے اندر بھیجے جاتے رہے۔خیرپور میں تمام تر سختی کے باوجود نقل جاری رہی،مختلف امتحانی مراکزمیں وجیلنس ٹیم نیچھاپے مار کر طلبا سے موبائل فون اورنقل کے موادبرآمدکیے۔سکھر میں بھی امتحانی مراکز میں سختی اور سیکیورٹی کے انتظامات کے باوجود نقل جاری رہی۔میرپورخاص بورڈ کے چیرمین بورڈ شفیق احمد خان کے مطابق بار بار پولیس حکام سے درخواست کے باوجود امتحانی مراکز میں سیکیورٹی کے مناسب انتظامات نہیں کئے گئے۔ چار روز کے دوران امتحانی مراکز پر چھاپوں کے دوران اصل امیدواروں کی جگہ چالیس سے زائد جعلی امیدواروں کو امتحان دیتے ہوئے پکڑا گیا ہے۔ جیکب آباد،شکارپور،کندھ کوٹ ،کشمور کے امتحانی مراکز میں زور و شور سے نقل جاری رہی اور مبینہ طور پرامتحانی عملہ بھی نقل میں بھرپور مدد فراہم کرتا رہا۔لاڑکانہ اور حیدرآبادمیں بھی نقل کا رجحان رہا اور نقل کی روک تھام کیلئے تمام انتظامات دھرے کے دھرے رہ گئے۔