12 اپریل 2013
وقت اشاعت: 8:4
حیدرآباد:ایم کیوایم کے انتخابی امیدوار فخرالاسلام کے قتل کا مقدمہ درج
جیو نیوز - حیدرآباد…حیدرآباد میں ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہونے والے ایم کیوایم کے انتخابی امیدوار فخرالاسلام کے قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔ قتل کیس میں پولیس کی پیش رفت بھی جاری ہیں۔حیدرآبادپولیس گزشتہ روزہالہ ناکہ میں ٹارگٹ کلنگ کانشانہ بننے والے ایم کیوایم کے انتخابی امیدوار فخرالاسلام قتل کیس میں پیش رفت کر رہی ہے۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق واردات میں استعمال ہونیوالی موٹرسائیکل کو 2011 میں ملتان کے علاقے سیتل ماڑی سے چھینا گیا تھا،جس کی رپورٹ محمد توقیر نامی شخص نے سیتل ماڑی تھانے میں درج کرائی تھی۔ بعد میں پولیس نے22ستمبر2011 کوموٹرسائیکل برآمد بھی کرلی تھی۔ تاہم برآمد ہونے کے بعد موٹرسائیکل کس شخص کودی گئی، اس بارے میں تفتیش جاری ہے اور حیدرآباد پولیس نے ملتان میں متعلقہ تھانے سے رابطہ بھی کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور پشتو زبان بول رہے تھے، بعض عینی شاہدین کی مدد سے ملزمان کے اسکیچ بھی تیار کیے جارہے ہیں۔ فخرالاسلام حیدرآباد کے حلقہ پی ایس 47 اور این اے 221 سے عام انتخابات 2013 کے لئے ایم کیوایم کے امیدوار تھے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے واقعے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ واقعے کا مقدمہ ہٹری تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔