13 اپریل 2013
وقت اشاعت: 13:8
پشاور کے متنی بازار میں دھماکا، 9افراد جاں بحق
جیو نیوز - پشاور…پشاور کے نواحی علاقے متنی کے بازار میں ایک مسافر وین میں دھماکے سے 9 افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔متنی بازار میں سپین چوک سے شیریکرہ جانے والی مسافر وین میں دھماکہ ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق گاڑی اڈے سے نکل کر چند قدم کے فاصلے پر ہی گئی تھی کہ گاڑی میں نصب بارودی مواد پھٹنے سے انسانی اعضاء دور دور تک بکھر گئے۔ دھماکے سے مسافر کوچ مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق گاڑی میں بیس افراد سوار تھے۔ دھماکے کے بعد پشاور کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ذرائع کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 9 افراد کی لاشیں اسپتال پہنچائی گئی ہیں جبکہ آٹھ زخمی بھی اسپتال لائے گئے۔ جن میں سے چارکی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔