14 اپریل 2013
وقت اشاعت: 12:31
کراچی: سندھ پولیس میں کانسٹیبلز کی بھرتی کیلئے تحریری امتحان
جیو نیوز - کراچی…سندھ بھر میں الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق 8 ہزار پولیس اہلکاروں کی بھرتیوں کے لیے آج تحریری ٹیسٹ لیے گئے،محکمہ پولیس کے مطابق کانسٹیبل بننے کے خواہش مند 27 ہزارافراد کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے جسمانی امتحان میں کامیاب ہونے والے اُمیدواروں کا تحریری امتحان لیا گیا۔ ٹیسٹ کے لیے پولیس کے تین زون میں مراکز قائم کیے گئے تھے جہاں سیکیورٹی کے سخت انتظامات تھے۔سعیدآباد پولیس ٹریننگ سینٹر کے باہرسیکڑوں کی تعداد میں امیدواروں نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انھوں نے فٹنس ٹیسٹ پاس کیا ہے اس کے باوجود ان سے ناانصافی کی جارہی ہے اور ان کے نام تحریری ٹیسٹ میں شامل نہیں کیے گئے ہیں۔