15 اپریل 2013
وقت اشاعت: 14:34
سپریم کورٹ : اوگرا کو 200 سی این جی لائسنسوں کے اجرا سے روکدیا گیا
جیو نیوز - اسلام آباد … سپریم کورٹ نے اوگرا کو راجا پرویز اشرف کے منظور کردہ 200 سی این جی لائسنسوں کے اجرا سے روک دیا جبکہ سیکریٹری پیٹرولیم کو بغیر ایل سی کھولے ہزاروں گیس سلنڈرز کی درآمد کی تحقیقات کا حکمبھی دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے 2 سابق وزرائے اعظم کے دور میں سی این جی اسٹیشنز کیلئے لائسنسوں کے اجراء کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے سماعت کے دوران سابق وزیراعظم کے منظور کئے گئے 200 لائسنسوں کا اجراء تاحکم ثانی روک دیا۔ عدالت نے سیکریٹری پیٹرولیم کو ہدایت کی کہ بغیر ایل سی کھولے ہزاروں گیس سلنڈرزکی درآمد کی انکوائری کریں۔ عدالت نے کہا کہ چاروں صوبوں، وفاقی دارالحکومت میں گیس اسٹیشن لائسنسوں کے اجراء کا طریقہ کار بتایا جائے۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی حکم دیا کہ بتایا جائے دستیاب گیس کتنی ہے اور کس بنیاد پر لائسنس جاری کیا جاتا ہے۔