15 اپریل 2013
وقت اشاعت: 14:54
گیس اور بجلی کی قیمتیں کم کردینگے، جماعت اسلامی کا انتخابی منشور جاری
جیو نیوز - کراچی … جماعت اسلامی نے اپنا انتخابی منشور جاری کردیا، امیر جماعت سید منور حسن نے اعلان کیاہے کہ اقتدار میں آئے تو گیس اور بجلی کی قیمتیں 30 فیصدکم کردیں گے،جاگیر داروں سے ٹیکس لیاجائے گا، کسانوں میں زمین تقسیم کی جائے گی اور بے گھر افراد کو بلاسود قرض دیں گے۔ کراچی میں جماعت اسلامی کے انتخابی منشور کا اعلان کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ یہ سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کرپٹ ، نااہل اور جعلی ڈگری والوں کو ٹکٹ نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ جس دن سے پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامل ہوا اس دن سے ملک میں دہشت گردی بڑھی، دہشت گردی کے خلاف نہ کبھی ہماری جنگ رہی ہے نہ ہوگی، حکمرانوں نے ملکی معیشت اور اپنا مستقبل غیروں کی خاطر تباہ کیا ہے۔ سید منور حسن نے انتخابی منشور کے اہم نکات پیش کرتے ہوئے کہا کہ مدینہ کی اسلامی فلاحی ریاست جماعت اسلامی کی منزل ہے۔