15 اپریل 2013
وقت اشاعت: 20:34
صاف اور شفاف انتخابات میں میڈیا کا کلیدی کردار ہوگا، نگراں وزیر اطلاعات
جیو نیوز - کراچی … وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عارف نظامی نے کہا ہے کہ ملک میں صاف اور شفاف انتخابات ہوں جس میں میڈیا کا کلیدی کردار ہوگا۔ یہ بات انہوں نے کراچی میں پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ عارف نظامی نے کہا کہ میڈیا ملک میں جمہوریت کیلئے اہم کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے تیسرے مرحلے کا آغاز ہوچکا ہے جو انتخابی مہم پر مشتمل ہے اور اب میڈیا خصوصاً الیکٹرانک میڈیا کی ذمے داری بڑھ جاتی ہے۔پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے اجلاس میں طے پایا کہ الیکٹرانک میڈیا انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، اس سلسلے میں کوڈ آف کنڈکٹ اور انڈسٹری کے دیگر مسائل کے حل کیلئے ایک مشترکہ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات آغا ندیم، چیئرمین پیمرا چوہدری رشید اور پی بی اے کی جانب سے اسلم قاضی، سلطانہ صدیقی، شکیل مسعود، میر ابراہیم رحمان، طاہر اے خان، ارشد زبیری، درید قریشی، بلال لاکھانی، جرجیس سیجا اور محمد علی بٹ نے شرکت کی۔