15 اپریل 2013
وقت اشاعت: 20:34
بیرون ملک بلوچ رہنماوٴں سے رابطے ہیں، نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان
جیو نیوز - کوئٹہ … نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش باروزئی نے کہا ہے کہ ان کے بیرون ملک بیٹھے بلوچ رہنماوٴں سے رابطے ہیں، انہیں یقین ہے کہ سردار اخترمینگل انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کریں گے۔ کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صوبائی امیرمولانا محمد خان شیرانی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے غوث بخش باروزئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہے، الیکشن کمیشن اور نادرا کے دفتر پر حملوں کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ نگراں صوبائی کابینہ کی تشکیل کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ نگراں کابینہ جلد تشکیل پاجائے گی۔ اس موقع پر مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کو انتخابات کے سلسلے میں کوئی تحفظات نہیں ہیں۔