16 اپریل 2013
وقت اشاعت: 9:24
کراچی بد امنی کیس ، آنکھیں بند کرنے سے کام نہیں چلے گا، چیف جسٹس
جیو نیوز - اسلام آباد…چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا لگتا ہے کہ کراچی میں اب کوئی اور بڑی چھتری پولیس پر اثر انداز ہو رہی ہے ، آنکھیں بند کرنے سے کام نہیں چلے گا،سندھ حکومت بتا دے کہ کس کو بلانا ہے، آرڈر کر دیں گے۔چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ کراچی بدا منی عملدرآمد کیس کی سماعت کر رہا ہے ، سندھ پولیس نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرائی ہے کہ کراچی میں کل 106 تھانے ہیں اور 7 تھانوں کی حدود میں جزوی نوگوایریاز موجود ہیں،چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ان پولیس اسٹیشنز کے نام بتائیں جن کی حدود میں نوگوایریاز ہیں، کسی علاقے میں ایک بھی نوگوایریا نہیں ہونا چاہیے۔سندھ حکومت کے وکیل شاہ خاور نے بتایا کہ تھانہ پی آئی بی کالونی ایسٹ ، تھانہ سچل ،تھانہ سہراب گوٹھ ڈسٹرکٹ ملیر، تھانہ کلاکوٹ ساوتھ کراچی، تھانہ چاکیواڑہ اور ویسٹ کراچی کے تھانہ پیر آباد اور تھانہ منگو پیرمیں نوگوایریاز ہیں، چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر ڈی آئی جی ذوالفقار نے کہا کہ سیاسی چھتری نہیں، لگتا ہے کہ اب کوئی اور بڑی چھتری پولیس پر اثر انداز ہو رہی ہے ،عدالت میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی ڈپٹی کنوینر نسرین جلیل کا چیف جسٹس کا لکھا گیا خط پڑھا کر سنایا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ طالبان نے کراچی میں مضبوط ٹھکانے بنا رکھے ہیں، وہ بھتہ خوری اوربینک ڈکیتیوں میں ملوث ہیں، طالبان نے کراچی میں متوازی عدالتی نظام بھی بنا رکھا ہے۔ چیف جسٹس افتخا رمحمد چودھری نے ریمارکس دیئے کہ یہ وہی پولیس ہے جو پانچ سال سے تھی ،نگران سیٹ اپ تو اب آیا ہے،عدالت میں ایس ایچ او تھانہ چاکیواڑہ کا بیان حلفی بھی پڑھ کر سنایا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ پولیس اور رینجرز کارروائی کرتی ہے تو مزاحمت کا سامنا ہوتا ہے ،جرائم پیشہ افراد کو پیپلزپارٹی کی حمایت حاصل ہے ، چاکیواڑہ میں کرفیو لگا کر آپریشن کیا جائے تو علاقہ کلیئر ہو سکتا ہے، کلاکوٹ تھانہ کے ایچ ایس او کا کہنا تھا کہ 35 فیصد علاقہ جرائم پیشہ افراد سے متاثر ہے ،لیاری کے جرائم پیشہ افراد کو بھی پیپلزپارٹی کی حمایت حاصل ہے ، چیف جسٹس نے کہا کہ پولیس اپنے منہ سے مان رہی ہے کہ 35 فیصد نوگو ایریا ہے ، جرائم پیشہ افراد کو سیاسی لوگوں کی پشت پناہی ہے تو پولیس کیوں ہاتھ نہیں ڈالتی ، آئی جی پولیس چاہئیں تو شام تک علاقہ کلیئر ہو سکتا ہے۔