6 مئی 2011
وقت اشاعت: 18:44
القاعدہ نے اسامہ کی ہلاکت کی باقاعدہ تصدیق کردی
اے آر وائی - کراچی ( فیض اللہ خان ) القاعدہ نے اسامہ بن لادن کی ہلاکت کی باقاعدہ تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسامہ کی موت امریکہ کیلئے سخت مشکلات کا باعث بنے گی۔ القاعدہ کی جانب سے اسامہ بن لادن کی موت کی تصدیق کی خبرسب سے پہلے اے آر وائی نیوز نے بریک کی۔
القاعدہ سے منسوب ویب سائٹ پرکہا گیا ہے کہ اسامہ کی موت امریکہ کیلئے سخت مشکلات کاباعث بنے گی۔ اور اعلان کیا گیا ہے کہ امریکہ پر حملے جاری رہیں گے۔ القاعدہ نے پاکستانی عوام سے بھی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونےکی اپیل کی ہے۔ اسامہ زندہ ہے کے عنوان سے شائع ہونیوالے مضمون کے متن میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے اسلام کے شیروں میں سے ایک شیر کیخلاف فریب سے کام لیا۔ حسین بن محمود نے لکھا ہے کہ عالمی جہاد کے قائدین اپنی منصوبہ بندی نئے سرے سے ترتیب دیکر اسامہ بن لادن کے بعد ان کے جانشین کا اعلان کریں۔ مضمون میں القاعدہ جنگجوؤں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ اسامہ بن لادن کے مارے جانے کیخلاف بے ہنگم انتقامی کارروائیاں نہیں ہونی چاہئیں۔ بے ترتیب حملوں کے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
حسین بن محمود کا کہنا تھا کہ امریکیوں کا پورا حق ہے کہ وہ اسامہ کی موت کا عارضی جشن منائیں کیونکہ اسامہ نے طویل عرصے تک انہیں طیش میں رکھا اور وہ ہزاروں امریکیوں کو قتل کرنے اور معاشی و عسکری طور پر تباہ کرنے کے بعد اپنے گھوڑے سے اترے۔ مضمون میں کہا گیا ہے کہ اسامہ بن لادن تک پہنچنے میں امریکہ کے کھربوں ڈالر اور دس سال لگ گئے۔ اسامہ کے مارے جانے کے بعد پاکستان، افغانستان اور یورپ کیخلاف پہلے سے زیادہ خطرناک انداز میں جنگ کی جائیگی۔ حسین بن محمود کا کہنا ہے کہ موثر حکمت عملی کے ساتھ ایسی کارروائی کی جائے جو گیارہ ستمبر کے حملوں کی بھی یاد بھلا دے۔