9 مئی 2011
وقت اشاعت: 8:45
اسامہ کا انتقال کچھ عرصے قبل علالت کے باعث ہوا،ایران
اے آر وائی - تہران: ایران نے دعوی کیا ہے کہ القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن امریکی حملے سے کچھ عرصہ قبل ہی علالت کے باعث انتقال کرگئے تھے۔ ایرانی انٹیلی جنس کے وزیر حیدر مصلح نے تہران میں کابینہ کے اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایران کے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کچھ عرصہ قبل علالت کے باعث انتقال کرگئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اگر امریکی اسپیشل فورسز نے یکم مئی کو ایبٹ آباد میں ایک آپریشن کے دوران اسامہ کو گرفتار یا ہلاک کیا تو وہ ان کی تصویر کیوں نہیں دکھا رہے اور امریکیوں نے ان کی لاش کو سمندر میں کیوں بہایا؟ حیدر مصلح نے کہا کہ ایران نے جند اللہ کے سربراہ عبدالمالک ریگی کی گرفتاری کے بعد اس کا انٹرویو پوری دنیا کو دکھایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت امریکی حکام اس طرح کی عوامی تشہیر اپنے ملکی مسائل اور نازک معاشی صورتحال کی طرف سے اپنی عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔