9 مئی 2011
وقت اشاعت: 19:56
پاکستان کی پہلےسےزیادہ مدد کرنی چاہیے،یورپی یونین
اے آر وائی - اسلام آباد : یورپی یونین کی خارجہ و سیکورٹی امور کی سربراہ کیتھرین ایشٹن نے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان کی منتخب جمہوری حکومت کی پہلے سے زیادہ حمایت اور مدد کرنی چاہیے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق کیتھرین ایشٹن نے کہا کہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد پاکستان کو دہشت گردوں کے سدباب اور جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے اپنی کوششوں میں پہلے سے زیادہ تعاون درکار ہے۔ادھر یورپی کونسل اور یورپی کمیشن نے پاکستانی مصنوعات کی یورپی منڈیوں تک زیادہ رسائی کی حمایت کردی ہے۔
دونوں تنظیموں کے صدور نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کا استحکام سب کے مفاد میں ہے۔ ادھر برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے بھی دارالعوام میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو پہلے سے بھی زیادہ حمایت کی ضرورت ہے کیونکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ابھی جاری ہے۔