تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
2 جون 2012
وقت اشاعت: 19:56

نائن الیون,خالدہ شیخ سمیت 5ملزمان پرفردجرم عائد

اے آر وائی - گوانتانامو بے ٹریبونل میں نائن الیون حملے کے مرکزی کردار خالد شیخ سمیت پانچ ملزمان پر فردجرم عائد کردی گئی ہے۔ ملزمان پر دہشت گردی، شہریوں پر حملے ، قتل اور ہائی جیکنگ کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ ٹربیونل نے نو گھنٹے سے زائد سماعت کی ۔



گوانتانامو جیل میں قائم خصوصی ٹریبونل کے سامنے القاعدہ کے اہم رہنماوں اور نائن الیون کے مرکزی کرداروں خالد شیخ محمد ، رمزی بن الشبیہ اور ولید بن عطش اور دیگر دو ملزمان کے ٹرائل شروع ہوگئے ہیں۔ ٹریبونل میں پانچوں افراد پر دوہزار نو سو چہتر افراد کے قتل کی چارج شیٹ سنائی گئی ۔ٹرائل کے آغاز میں خالد شیخ محمد نے بطور احتجاج ٹرائل میں زبان بندی کی تھی۔اس کے ساتھ ہی خالد شیخ محمد نے ہیڈ فون پر سماعت کی روداد سننے سے بھی انکار کردیا۔جس کے باعث ایک گھنٹے تاخیر ہوئی ۔



تینتیس سالہ ولید بن عطش یمن سے تعلق رکھتے ہیں جن کی ایک ٹانگ افغان جنگ میں کٹ گئی تھی۔ ولید کو نائن الیون کی منصوبہ بندی میں خالد شیخ محمد کے بعد دوسرا اہم شخص قرار دیا گیا ہے۔ چالیس سالہ رمزی بن الشبیہ بھی یمنی نژاد ہیں ان پر القاعدہ اور نائن الیون کے منصوبہ سازوں کو عطیات فراہم کرنے کا الزام ہے۔یہ فنڈز انہوں نے جرمنی سے فراہم کیئے تھے۔پاکستان سے گرفتار کیئے جانے والے القاعدہ کے اہم ترین افراد میں سب سے پہلا شخص رمزی بن الشبیہ تھا۔ چوتھا شخص چونتیس سالہ امر البلوچی ہے جس کا دستاویزات میں نام علی عبدالعزیز علی ہے۔



کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کا ایکسپرٹ کہلائے جانے والا امر البلوچی خالد شیخ محمد کا بھتیجا ہے۔ پانچواں ملزم تینتالیس سالہ مصطفی ال حواسوائی ہے۔جس کا تعلق سوڈان سے ہے۔اسی ملزم کےکریڈٹ کارڈز سے نائن الیون کے ہائی جیکرز کو رقوم فراہم کی گئی تھیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.