14 اگست 2012
وقت اشاعت: 9:52
او آئی سی ممالک، شام کی رکنیت معطل کرنے کی قرار داد منظور
اے آر وائی - اسلامی تعاون کی تنظیم کے رکن ممالک نے شام کی او آئی سی کی رکنیت معطل کرنے کی قرارداد منظور کر لی ہے۔ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ریاض میں ہوا۔ اجلاس میں شام کی رکنیت معطل کرنے کی قرارداد کی ایران نے مخالفت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ علی اکبر صالحی نے کہا کہ شام کا بحران ایک حقیقت ہے تاہم یہ رکن ممالک کا فرض ہے کہ وہ امن و سلامتی کی صورتحال کی بہتری کے لیے اس بحران سے نکلنے میں شام کی مدد کرے۔
دوسری جانب فری سیرین آرمی نے دعوی کیا ہے کہ انہوں نے عراقی سرحد سے ایک سو بیس کلومیٹر دور صوبہ دیرالزور کے شہر المحاسن کے قریب ایک فوجی طیارہ مار گرایا ہے، تاہم شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ثنا نیوز کے مطابق تباہ ہونے والا جنگی جہاز معمول کی پرواز پر تھا اور دورانِ پرواز پائلٹ تکینکی خرابی کی وجہ سے اس کا کنٹرول کھو بیٹھا۔
شامی حکام کا کہنا ہے کہ تباہ ہونے والے جہاز کے پائلٹ کی تلاش جاری ہے جبکہ باغیوں کی جانب سے ایک پائلٹ کو بھی پکڑنے کا دعوی کیا گیا ہے۔