تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
31 اگست 2012
وقت اشاعت: 11:41

غیر وابستہ ممالک کے اختتامی اجلاس میں آج اعلامیہ جاری ہوگا

اے آر وائی - غیروابستہ تحریک کا سولہواں سربراہ اجلاس دوسرے روز بھی تہران میں جاری رہا۔ اجلاس میں ایران کو تحریک کا نیا چیئرمین منتخب کیاگیا۔ اجلاس کے دوران شام، مصر ،فلسطین اور ایران میں تنازعات سامنے آئے۔۔۔مزید احوال جانتیہیں اس رپورٹ میں۔



ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اجلاس کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ جوہری پروگرام ایران کا حق ہے اور ایران اس سے دستبردار نہیں ہو گا انہوں نے کہاکہ ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بنائے گا۔ ان کا کہنا تھا چند ممالک کی ایٹمی ہھتیاروں پر اجارہ داری قائم نہیں ہونی چاہیئے۔



صدر محمود احمدی نژاد نے کہا کہ عالمی امن کیلئے تمام ممالک کی خودمختاری کا احترام کرنا ہوگا۔ ترقی پذیر ممالک پر مخصوص کلچر مسلط کرنیکی کوشش ہورہی ہے۔



بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے فلسطینی عوام کو پرامن زندگی گزارنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے شام کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔



مصر کے صدر محمد مرسی نے شام کی حکومت کو غاصبانہ کہا جس پر دوران تقریر شامی وفد نے اجلاس سے واک آوٴٹ کیا۔ ایران کے صدر احمدی نژاد سے بات چیت میں فلسطینی صدر محمود عباس نے فلسطین میں حماس کے ذریعے ایرانی مداخلت پر تشویش کا اظہار کیا جبکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے ایران پر زور دیا کہ وہ جوہری سرگرمیاں معطل کر دے۔



غیر وابستہ تحریک کے اختتامی اجلاس کے بعد اعلامیے میں شام کے حالات میں بیرونی مداخلت کی شدید الفاظ میں مذمت کے ساتھ عرب لیگ کی قرار دادوں کو عملی جامہ پہنانے پر زور دیا گیا جبکہ شام میں باغیوں کی بیرونی امداد اور اسلحہ کی فراہمی کو خطے کے امن کی تباہی قرار دینے کے ساتھ مشرق وسطی کو اسلحہ سے پاک خطہ کرنے کی کوششوں پر زور دینے کی سفارش کی گئی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.