20 نومبر 2013
وقت اشاعت: 19:47
دنیا بھر میں ٹیلی ویژن کا عالمی دن 21 نومبر کو منایا جا ئیگا
جیو نیوز - نیویارک …پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹیلی ویژن کا عالمی دن(ورلڈ ٹیلی ویژن ڈے )21 نومبر کو منایا جا ئیگا۔ اس دن کے منانے کا بنیادی مقصد اہم معاملات کے حوالہ سے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے ٹی وی کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو سراہنا ہے۔ دن کی مناسبت سے دنیا بھر میں مختلف سرکاری و نجی اداروں میں تقریبات منعقد کی جائیں گی اور معاشرے میں الیکٹرانک میڈیا کے کردار کو اجاگر کیا جائیگا۔موجودہ دور میں الیکٹرانک میڈیا معلومات کی فراہمی اور تفریحی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور ٹی وی کے ذریعہ لوگ دنیا بھر میں رونما ہونے والے واقعات سے بروقت آگاہی حاصل کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ نے لوگوں کو باشعور بنانے کے حوالہ سے ٹی وی کی کاوشوں کے اعتراف میں یہ دن منانے کا باقاعدہ آغاز 1996ء میں کیا تھا اور 17 دسمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں 21 نومبر کو ٹی وی کے بین الاقوامی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا تھااوررُکن ممالک سے اس دن کو بھرپور طریقہ سے منانے کیلئے کہا۔ ٹیلی ویژن ثقافت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اسکے علاوہ تعلیم، صحت، امن و امان، سماجی، سیاسی، معاشی اور معاشرتی سرگرمیوں کی رپورٹنگ اور مختلف پروگرامز کے ذریعہ انکے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔