2 دسمبر 2013
وقت اشاعت: 2:11
مصر میں نئے آئینی مسودے کے خلاف مظاہرے
جیو نیوز - قاہرہ…مصر کا تحریر چوک ایک بار پھر مظاہرین کا گڑھ بن گیا،نئے آئینی مسودے کی منظوری کے خلاف جمع ہونے والے مظاہرین پر پولیس ٹوٹ پڑی، آنسو گیس کی شیلنگ اور فائرنگ بھی کی گئی۔ مصر کے آئین ساز پینل نے نئے آئین کے مسودے کی منظوری دے دی ہے۔ مجوزہ آئینی مسودے پر جنوری میں ریفرنڈم کرایا جائے گا۔ نئے آئین کے اطلاق کے 6 ماہ بعد ملک میں صدارتی انتخابات ہوں گے۔ نئے آئین میں فوج کے اختیارات میں اضافہ تجویز کیا گیا ہے جس کے خلاف معزول صدر محمد مرسی کے حامیوں کی جانب سے مظاہروں کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو گیا ہے۔ گزشتہ رات قاہرہ میں مظاہرین او پولیس کی جھڑپیں ہوئیں، سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ دوسری جانب قاہرہ یونیورسٹی کے سیکڑوں طلبہ نے گزشتہ روز کے مظاہروں میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے طالب علم کی ہلاکت کے خلاف مظاہرے میں حصہ لیا۔