5 دسمبر 2013
وقت اشاعت: 22:48
شمالی یورپ کے کئی ممالک شدید آندھی و طوفان کی لپیٹ میں
جیو نیوز - لندن…شمالی یورپ کے کئی ممالک ان دنوں شدید آندھی و طوفان کی لپیٹ میں ہیں، برطانیہ کے علاقے رٹفورڈ اور ویسٹ لوٹھیاں میں ٹرک کو حادثے اور درخت گرنے سے دو افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ آئرلینڈ میں بھی جانی نقصان ہوا،آندھی اورسیلاب کے سبب نظام مواصلات بھی بری طرح متاثرہے۔ اسکاٹ لینڈ میں ٹریفک کا نظام ٹھپ، متعدد پروازیں منسوخ اور ہزاروں گھروں سے بجلی غائب ہے، شدید آندھی نے نظام زندگی درہم برہم کر کے رکھ دیا ہی۔ 142 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواوٴں سے گاڑیاں الٹ گئیں۔ مغربی لوتھیاں کے علاقے میں ایک ٹرک گاڑیوں پر الٹ گیا۔ حادثے میں ٹرک ڈرائیور ہلاک اور چار افراد زخمی ہوگئے۔ حکام نے سمندر میں اونچی لہروں کے خدشے کے باعث ایسٹرن انگلش کوسٹ کے قریب دس ہزار مکانات خالی کرالئے ہیں۔آئرلینڈ میں بھی طوفانی ہواوٴں سے بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا اور سات ہزار مکانات بجلی سے محروم ہوگئے۔ شمالی جرمنی میں بھی 144 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی ہواوٴں نے ٹرین اور ٹریفک کا نظام درہم برہم کردیا۔ ہیمبرگ ائرپورٹ سے تقریباً تمام پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ادھر ہالینڈ میں سمندری طوفان کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے اور حکام احتیاطی انتظامات میں مصروف ہیں۔