14 دسمبر 2013
وقت اشاعت: 1:45
نیلسن منڈیلا کی آخری رسومات کی تیاریاں ان کے آبائی گاوٴں میں جاری
جیو نیوز - پریٹوریا …عظیم جنوبی افریقی لیڈر نیلسن منڈیلا کی آخری رسومات کی تیاریاں ان کے آبائی گاوٴں میں جاری ہیں۔ جبکہ عوام کیلئے مادیبا کا آخری دیدار کرنے کاوقت بھی ختم ہوگیا۔جنوبی افریقہ کے دارالحکومت پریٹوریا میں عظیم رہنما نیلسن منڈیلا کا 3دن سے جاری آخری دیدار جمعہ کے روز ختم ہوگیا۔جس کے بعد جنوبی افریقی پرچم میں لپٹے مادیبا کے تابوت کو پورے اعزاز کے ساتھ ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا۔اس سے قبل اپنے عظیم لیڈر کا چہرہ دیکھنے کے لیے آخری روز ایک لاکھ افراد نے یونین بلڈنگ کا رخ کیا۔ شدید دھکم پیل کے باعث آدھے سے زائد افراد اپنے رہنما کا دیدار نہ کرسکے۔نیلسن منڈیلا کی میت آج پریٹوریا سے ان کے آبائی گاوٴں کونو منتقل کی جائے گی جہاں آخری رسومات اتوار کو ہوں گی اسی سلسلے میں سینکڑوں پولیس اور آرمی کے اہلکاروں نے مادیبا کی تدفین کی ریہرسل کی ۔ پریٹوریا کی یونین بلڈنگ میں مادیبا کا مجسمہ نصب کردیا گیا ہے۔ لیکن ابھی نیلسن منڈیلا کے ہاتھوں اور چہرے کو چھپایا ہوا ہے۔ پیر کو جنوبی افریقی صدر جیکب زوما اس مجسمے کی رونمائی کریں گے۔نیلسن منڈیلا کی زندگی اب آپ خاکوں کے ذریعے بھی پڑھ اور دیکھ پائیں گے۔ امریکا کی نجی کمپنی نے عظیم جنوبی افریقی لیڈر کی جدوجہد کو 32 صفحات پر مبنی کامک کتاب میں ڈھال دیا ہے۔ اس کتاب کا نام ٹریبیوٹ نیلسن منڈیلا رکھا گیا ہے۔