28 مارچ 2016
وقت اشاعت: 16:54
جرمن پولیس کا شدت پسندتنظیم کے مبینہ کمانڈر کے ٹھکانے پر چھاپہ
جیو نیوز - برلن......جرمن پولیس نے ملک کے مغربی حصے میں دو افراد کے گھروں پر چھاپہ مارا ہے۔ جن پر شبہ ہے کہ وہ ایک شدت پسند تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں۔
جرمنی کے وفاقی پراسیکیوٹرز کا کہنا تھا کہ یہ چھاپہ مغربی شہر مینز کے قریب مارا گیا۔ پراسیکیوٹر کے مطابق ان دونوں افراد پر شبہ ہے کہ انہوں نے ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کا حصہ بن کر شامی خانہ جنگی میں حصہ لیا ہے۔
جرمنی کی مقامی نیوز ویب سائٹ کے مطابق اس نے ان چھاپوں سے قبل ایک 32 سالہ شخص کا سراغ لگایا تھا جس پر شک ہے کہ وہ دولت اسلامیہ عراق وشام 'داعش کا سابق کمانڈر ہے۔اس شخص پر الزام ہے کہ اس نے مشرقی شام میں دیر الزور کے مقام پر داعش کے ساتھ مل کر لڑائی میں حصہ لیا تھا جب کہ اس کے بعد ترکی کے راستے فرار اختیار کرتے ہوئے جرمنی میں پناہ حاصل کی ہے۔
اس سے پہلے جمعرات کو بھی جرمن پولیس نے برلن اور مغربی جرمنی میں چار الجزائری باشندوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے جن پر شبہ تھا کہ وہ داعش سے تعلق رکھتے ہیں اور برلن میں حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں۔