تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
28 مارچ 2016
وقت اشاعت: 20:6

شام میں فضائی حملے بند نہیں کریں گے، روس

جیو نیوز - نیویارک......... روس نے ایک بار پھر کہا ہے کہ وہ شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے بند نہیں کرے گا۔

اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے ویتالی چورکین نے سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے یک طرفہ طور پر بند نہیں کرے گا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا دہشت گرد گروہ اور خود امریکا اور اس کے اتحادی شا م میں حملے بند اور فوجی کاروائیاں روک دیں گے۔

ویتالی چورکین نے ایک بار پھر کہا کہ شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر روس کے حملے قانونی ہیں اور شام کی حکومت کی درخواست پر کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے جنیوا میں شام کے بارے جاری مذاکرات میں تعطل پر افسوس کا اظہار کر تے ہوئے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔

اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے نے کھل کر کہا کہ شامی حکومت کے مخالفین نے مذاکرات کو ترک کر دیا اور ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے مغرب والوں کے کہنے پر ایسا کیا ہے۔

ویتالی چورکین نے فرانسسی سفیر کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے شام مخالفین کے ٹھکانوں پر شامی فوج کے ہوائی حملوں میں اضافے کے باعث مذاکرات روکنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹافن ڈی مستورا بحران شام کے حل کے لئے بہترین سفارتی کوششیں انجام دے رہے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.